پاکستانعلاقائی

اکتہرواں یوم آزادی قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدید اور جمہوری تسلسل کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے آج ملک کا 71 واں یوم آزادی قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
آج دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے اور 9 بجے وفاقی دارالحکومت میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہو گی جبکہ پرچم کشائی کی تقاریب صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی منعقد ہوں گی۔
اس موقع پر تمام سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اس کے علاوہ بلند و بالا و سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
صدر مملکت، نگران وزیراعظم اور اہم شخصیات کی طرف سے دن کی مناسبت سے خصوصی پیغامات بھی جاری کیے گئے۔
الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی نشریات کا اہتمام جبکہ پرنٹ میڈیا بھی خصوصی اشاعتوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
دریں اثناء بیرون ملک پاکستانی مشنز میں بھی پرچم کشائی کی پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر قومی ترانہ بجایا جائے گا اور یوم آزادی کے حوالے سے صدر مملکت اور وزیراعظم کی طرف سے جاری پیغامات پڑھ کر سنائے جائیں گے۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر/ہائی کمشنرز افسران اور کمیونٹی ارکان سے خطاب میں تحریک پاکستان کو اجاگر اور اسکولوں کے بچے معروف قومی نغمے، ٹیبلوز اور لوک رقص پیش کریں گے۔
دوسری جانب انگریزی اور مقامی زبانوں میں پاکستان سے متعلق خصوصی سپلیمنٹس بھی شائع کیے جائیں گے۔
وزارت اطلاعات، نشریات و قومی تاریخ و ادبی ورثہ نے بھی یوم آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔
ملک بھر میں شہروں اور قصبوں کو برقی قمقموں اور سبز ہلالی پرچم والی اور رنگا رنگ جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ پرچم کشائی کی بھی خصوصی تقاریب ہوں گی۔
دن کی مناسبت سے وزارت بین الصوبائی رابطہ نے لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا اہتمام کر رکھا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پرچم کشائی کی خصوصی تقریب کا اہتمام کرے گا۔ قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی عمارتوں پر چراغاں بھی کیا جائے گا۔
یوم آزادی کے موقع پر مختلف فاسٹ فوڈز، ملبوسات، موبائل کمپنیوں، ٹیکسی سروسز اور دیگر کمپنیوں نے عوام کے لیے خصوصی رعایتی پیکیجز کا اعلان بھی کیا ہے۔

Back to top button