پاکستان

لاہورمیں ڈھائی ہزارشہری بد ہضمی میں مبتلا ہو کراسپتال پہنچ گئے

کھانوں کے لیے مشہور شہر لاہور کے ڈھائی ہزار افراد عیدِ قرباں کے موقع پر بدہضمی کا شکار ہوکر اسپتال پہنچ گئے ، ڈاکٹروں نے شہریوں کو گوشت احتیاط سے استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق عیدِ قرباں کی پہلی ہی رات شہر کے اسپتال بدہضمی کی شکایت کا شکار مریضوں سے بھر گئے جبکہ 200 سے زائد افراد کو تکلیفِ قلب کی شکایت کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بد ہضمی کا شکار ہونے والے افراد میں سے زیادہ تر کو ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد دے کرگھر بھیج دیا جبکہ کچھ افراد کو ایمرجنسی میں اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ دوسری جانب زیادہ گوشت کھانے سے کچھ افراد کو عارضہ قلب کا بھی سامنا کرنا پڑا جن کی تعداد دو سو تک ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شہری گوشت کھانے میں اعتدال سے کام لیں اور گوشت کے ساتھ پھلوں اور سبزیوں کو بھی استعمال میں لائیں جو کہ بد ہضمی سے بچانے میں انتہائی کارگر ہوتی ہیں۔
یاد رہے کہ عید مزے مزے کے پکوان پکانے، کھانے کھلانے اور اس بہانے اپنے عزیز و اقارب سے ملاقات کا موقع ہے۔تاہم یہی ملنا ملانا اور دعوتیں اس وقت سخت مشکل میں مبتلا کردیتی ہیں جب میزبانوں کی میزبانی سے لطف اٹھاتے ہوئے اپنی صحت کو نظر انداز کردیا جائے اور سارا سال کھانوں میں کی جانے والی احتیاط اور پرہیز کو ایک طرف رکھ کر گوشت کی ڈشز پر ٹوٹ پڑا جائے۔
چونکہ عید پر بڑا گوشت، مرغن اور مصالحہ دار پکوان بہت زیادہ کھانے میں آتے ہیں تو ایسے میں معدے اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوجانا ایک عام بات ہے۔

Back to top button